21 جولائی 2012 - 19:30

اگر ایک خاتون سنگسار ہوتی ہے تو سپریم کورٹ نوٹس لیتا ہے، نہ صرف سپریم کورٹ نوٹس لیتا ہے بلکہ وزیراعلی پنجاب اس خاتون کے گھر اظہار افسوس کے لئے پہنچ جاتے ہیں۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ پورے ملک میں ہونے والی شیعہ ٹارگٹ کلنگ پر ازخود نوٹس کیوں نہیں لیا جاتا.

وزیراعلیٰ پنجاب سنگسار کی جانیوالی خاتون کے گھر پہنچ گئے، وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے خانیوال میں پنچائت کے فیصلے پر سنگسار کی جانے والی خاتون مریم کے ورثاء سے اظہار تعزیت کی اور مقتولہ کی والدہ کو پانچ لاکھ روپے کا چیک بھی دیا۔ خانیوال کے نواحی علاقے کچا کھوہ میں پنچائت کے فیصلے پر مریم کو سنگسار کیا گیا جس کا سپریم کورٹ نے بھی نوٹس لیا اور نوٹس کے بعد میاں شہباز شریف بھی متاثرہ خاندان سے اظہار یک جہتی کے لیے ان کے گھر پہنچے۔ اس موقع پر میاں شہباز شریف نے مقتولہ کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خاتون کے قاتلوں کو ہرگز معاف نہیں کریں گے اور متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف ملے گا۔ اظہار تعزیت کے بعد مقتولہ کے پڑوسیوں کےگھر بھی گئے اور اہل علاقہ سے افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کیں، جبکہ گرفتار ملزموں کے لواحقین نے بھی میاں شہباز شریف سے ملاقات اور واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی اپیل کی۔ اگر ایک خاتون سنگسار ہوتی ہے تو سپریم کورٹ نوٹس لیتا ہے، نہ صرف سپریم کورٹ نوٹس لیتا ہے بلکہ وزیراعلی پنجاب اس خاتون کے گھر اظہار افسوس کے لئے پہنچ جاتے ہیں۔ کوہستان میں شادی میں رقص کرنے والی خواتین کے لئے جرگے کے طرف سے دیئے گئے قتل کے فیصلے پر بھی سپریم کورٹ نہ صرف ازخود نوٹس لیتا ہے بلکہ ایک اسپیشل ٹیم کو اعلیٰ سطح کی تحقیقات کے لئے وہاں روانہ کیا جاتا ہے۔ فورٹ منرو میں لڑکیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی پر صدر زردای نوٹس لیتے ہیں۔ اس طرح کے اور بھی کئی واقعات ہیں، جن پر چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لیا، بعض واقعات پر صدر، وزیراعظم اور وزیر اعلی پنجاب نے نوٹس لیا، کہنے کا مقصد یہ نہیں کہ نوٹس نہ لیا جائے بلکہ مقصد یہ ہے یہ افراط و تفریط کیوں؟

حیرت انگیز بات یہ ہے کہ پورے ملک میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ پر ازخود نوٹس کیوں نہیں لیا جاتا؟ ان لوگوں کی مظلومیت ان کو کیوں نظر نہیں آتی، ان کی بےرحمانہ نسل کشی کی جا رہی ہے، اس کھلی دہشتگردی پر چیف جسٹں اور بلخصوص میاں شہباز شریف کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی، کیا وہ انسان نہیں ہیں؟ کیا وہ پاکستانی شہری نہیں ہیں؟ کیا وہ مسلمان نہیں ہیں. اسوقت ان حکمرانوں کا ضمیر کیوں سو جاتا ہے۔ یہ شیعہ قوم کے لئے بھی لمحہ فکریہ ہے۔

.......

/169